نئی دہلی،27؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی بلے باز ایمی اسیٹرتھ ویٹ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایسا ریکارڈ بنایا ہے جو مرد کرکٹ میں بھی کم ہی دیکھنے کو ملا ہے۔اسیٹرتھ ویٹ نے آکلینڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوئے پہلے ون ڈے میچ میں ناٹ آؤٹ 102رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔اس کے ساتھ ہی سیٹرتھویٹ بین الاقوامی خواتین کرکٹ میں پہلی کھلاڑی بن گئیں، جنہوں نے مسلسل چار ون ڈے میچوں میں سنچری لگانے کا ریکارڈ بنایا ہے۔اس معاملے میں انہوں نے سری لنکا کے تجربہ کار وکٹ کیپر اور بلے باز کمار سنگاکارا کی برابری کر لی۔سیٹرتھویٹ نے آسٹریلیا کے خلاف سنچری لگانے سے پہلے لنکن میں پاکستان کے خلاف ہوئی تین میچوں کی سیریز میں ناقابل شکست 137، ناٹ آؤٹ 115اور 123رنز کی اننگز کھیلی تھی۔اسیٹرتھویٹ کے کیریئر کی یہ چھٹی سنچری ہے۔نیوزی لینڈ نے سیٹرتھویٹ، کپتان سوجی بیٹس( (55اور کے ٹی مارٹن ((43کی بدولت آسٹریلیا سے ملے 276رن کے ہدف کو 49.1اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔